الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ووٹر ٹرن آؤٹ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق مجموعی ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مختلف حلقوں میں ووٹرز کی شرکت کے اعداد و شمار میں نمایاں فرق دیکھنے میں آیا، کہیں ٹرن آؤٹ زیادہ رہا تو کچھ حلقوں میں انتہائی کم۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ووٹرز کی شمولیت سب سے زیادہ رہی، جہاں ٹرن آؤٹ 50.82 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ این اے 185 میں ووٹر ٹرن آؤٹ 32.61 فیصد رہا، جبکہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 96 میں ٹرن آؤٹ 26.46 فیصد ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح این اے 143 ساہیوال میں ووٹر ٹرن آؤٹ 21.43 فیصد جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ٹرن آؤٹ 18.67 فیصد رہا۔ کم ترین ٹرن آؤٹ این اے 104 فیصل آباد میں دیکھا گیا، جہاں یہ صرف 13.23 فیصد رہا۔
صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پی پی 269 مظفرگڑھ میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50.82 فیصد رہا، جو اس فہرست میں سب سے زیادہ ہے۔ پی پی 98 فیصل آباد میں ٹرن آؤٹ 36.82 فیصد اور پی پی 73 سرگودھا میں 34.45 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح پی پی 87 میانوالی میں ووٹر ٹرن آؤٹ 27 فیصد، پی پی 116 فیصل آباد میں 22.94 فیصد جبکہ پی پی 203 ساہیوال میں ووٹر ٹرن آؤٹ 22.4 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام نشستوں کے نتائج شفاف انتخابی عمل کا حصہ ہیں، جبکہ ووٹر ٹرن آؤٹ کی شرح عوامی دلچسپی اور انتخابی سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہے۔