پاک سعودی وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق

پاک سعودی وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک سعودی دفاعی معاہدے کو 90 فیصد پاکستانیوں کی حمایت حاصل، گیلپ سروے

بیان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’خطے کے تمام فریقین کو کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدام سے اجتناب کرنا چاہیے‘۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا‘۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کا حامی ہے۔

جاری بیان میں بتایا گیا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:معاشی استحکام جلد ممکن، پاک سعودی دفاعی معاہدہ ’مسلم اُمہ کے اتحاد و وقار‘ کی ضمانت ثابت ہوگا، رانا ثنا اللہ

گفتگو کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور سعودی عرب باہمی رابطے مضبوط رکھیں گے اور مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی چیلنجز کے تناظر میں قریبی تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ باہمی مشاورت خطے میں پائیدار امن کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

Related Articles