انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) سے اپنے فاسٹ بولر کو ریلیز کیے جانے کے معاملے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں کرکٹ نہ کھیلنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ایونٹ کے انتظامات اور شیڈول پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے مطابق سیکورٹی کے خدشات کے باعث ٹیم انڈیا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا،اس فیصلے میں حکومت کی مشاورت شامل ہے ترجمان بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر یہ فیصلہ حکومت کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے یہ درخواست بھی کرے گا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق بنگلادیش کے میچز بھارت میں رکھے گئے ہیں، جہاں ٹیم نے 3 میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ لٹن کمار داس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیف حسن کو نائب کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
بنگلادیش کی ٹیم جس گروپ میں شامل ہے، اس میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔ بنگلادیش کا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول کیا گیا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں اس میچ کے مقام پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اگر بنگلادیش نے باضابطہ طور پر بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا تو آئی سی سی کو فوری طور پر متبادل انتظامات کرنا ہوں گے، جس سے ٹی20 ورلڈ کپ کے شیڈول اور لاجسٹکس پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کو خطے کی کرکٹ سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔