ایپل نے اپنی میوزک اسٹریمنگ سروس مزید چار ممالک میں متعارف کرا دی، سروس اب 172 ممالک اور خطوں میں دستیاب ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی میوزک اسٹریمنگ سروس ایپل میوزک کی دستیابی مزید چار ممالک تک بڑھا دی ہے، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل نے اپنی سپورٹ ویب سائٹ پر سروس کی دستیابی سے متعلق فہرست اپ ڈیٹ کردی ہے، جس کے بعد پاکستان، البانیہ، برونائی اور برکینا فاسو کو ایپل میوزک دستیاب ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان میں ایپل میوزک کا باضابطہ آغاز
پاکستانی صارفین اب ایپل میوزک کی میوزک اسٹریمنگ سروس باضابطہ طور پر استعمال کرسکیں گے۔ اس پیش رفت کے بعد ایپل میوزک دنیا کے 172 ممالک اور خطوں میں دستیاب ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :گوگل کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل متعارف، سائبر سکیورٹی میں بھی ماہر
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان، البانیہ اور برکینا فاسو ان ممالک میں بھی شامل ہیں جہاں ایپل نے حال ہی میں آئی کلاؤڈ پلس کے بعض پلانز کے ساتھ ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ کی سہولت اضافی قیمت کے بغیر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم برونائی اس فہرست میں شامل نہیں، جہاں ایپل ٹی وی کی سبسکرپشن سروس تاحال دستیاب نہیں۔
اینڈرائیڈ صارفین کیلئے بھی نئی اپ ڈیٹ
ایپل میوزک کی عالمی توسیع کے ساتھ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ایپ کا نیا بیٹا ورژن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ایپل میوزک 7.0 میں صارفین کو نیا’لیکوئیڈ گلاس‘ ڈیزائن، فلوٹنگ نیویگیشن بار اور منی پلیئر سمیت متعدد تبدیلیاں اور نئے فیچرز فراہم کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں سروس کی دستیابی کے بعد صارفین اب ایپل میوزک کے ذریعے ایپل کی میوزک اسٹریمنگ سہولت باضابطہ طور پر استعمال کرسکیں گے۔


