اسلام آباد میں خوفناک سلنڈر دھماکا، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، دولہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق، 9 زخمی

اسلام آباد میں خوفناک سلنڈر دھماکا، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، دولہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق، 9 زخمی

اسلام آباد کے سیکٹر جی۔7 میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والے دھماکے میں دولہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے باعث 3 گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ ایک گھر جزوی طور پر متاثر ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکا جی۔7 کے علاقے ‘66 کوارٹرز، گلی نمبر 23’ میں اس وقت ہوا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رات تقریباً 2 بجے بارات کے پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں پورا علاقہ لرز اٹھا۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ اسلام آباد میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ، 4 افراد زخمی

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوری امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ گھروں سے 15 افراد کو نکالا گیا، جن میں سے 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ ایک اور شدید زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گھروں کی دیواریں گر گئیں اور ملبے تلے دبنے سے مزید افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:لاہور، راوی روڈ پر سلنڈر پھٹنے سے 3 دھماکے، 5 افراد جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا گیس سلنڈرپھٹنے کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش فراہم کرنے کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور شادی کی خوشیاں ایک لمحے میں المیے میں تبدیل ہو گئیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو تقریبات میں گیس سلنڈرز کے استعمال سے متعلق حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *