امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا،دفتر خارجہ

امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا،دفتر خارجہ

امریکی ویزا پابندیوں سے متعلق سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ امریکا جلد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولت بحال کر دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اپنی ویزا اور امیگریشن پالیسی پر نظرِ ثانی کر رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے تازہ پیش رفت رات گئے سامنے آئی ہے، جسے پاکستان حکومت بغور مانیٹر کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہموار، متوازن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہشمند ہے، جن میں عوامی روابط اور سفری سہولتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ویزا پابندیوں سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایران کے خلاف اپنی سرزمین یا فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ دینے کے مؤقف پر آج بھی مکمل طور پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ترجمان دفتر خارجہ کا عراق جانیوالے پاکستانی شہریوں کیلئے اہم بیان آگیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو امیرِ قطر کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اسی طرح نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ازبکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے بھی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ نائب وزیراعظم نے میانمر کے وزیر خارجہ اور انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری سے بھی رابطہ کیا، جن میں سفارتی اور اقتصادی تعاون زیرِ بحث آیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جس پر عالمی برادری کی توجہ ضروری ہے۔

editor

Related Articles