پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے نفرت انگیز، ہتک آمیز یا گمراہ کن مواد کی اشاعت اور ترسیل سے گریز کریں۔
اتھارٹی نے زور دیا ہے کہ ایسے مواد کی شراکت نہ صرف قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہے بلکہ یہ قومی سالمیت اور افراد و اداروں کی عزت و وقار کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین فوری طور پر اپنی پوسٹس یا مواد جو گمراہ کن یا جھوٹی معلومات پر مشتمل ہوں، ہٹا دیں اور ایسی آن لائن مہمات یا مباحثوں کا حصہ نہ بنیں جو غلط بیانی یا پروپیگنڈا پر مبنی ہوں۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانا جان بوجھ کر کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا یا قومی مفاد کے خلاف مواد شیئر کرنا، پاکستان کے پیکا ایکٹ کے تحت جرم ہے اور اس پر قانونی کارروائی ممکن ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دار رویہ اپنانا ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی،بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے مواد سے گریز اور آن لائن کمیونٹیز میں مثبت رویہ اپنانا نہ صرف قانونی بلکہ اخلاقی طور پر بھی اہم ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی کہ کسی بھی مواد کی صداقت یا تصدیق کیے بغیر شیئر نہ کریں اور جھوٹی معلومات کے خلاف آگاہی پیدا کریں[یہ پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر مواد کی نگرانی اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔