باہربیٹھے نام نہاد پاکستانی، طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی وطن عزیزکی ترقی اور امن کے دشمن ہیں،خواجہ آصف

باہربیٹھے نام نہاد پاکستانی، طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی وطن عزیزکی ترقی اور امن کے دشمن ہیں،خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ باہربیٹھے نام نہاد پاکستانی، طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی وطنِ عزیز کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں اور یہی عناصر پاکستان کو معاشی استحکام اور محفوظ مستقبل سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہی سوچ رکھنے والے لوگ بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے خواہاں ہیں تاکہ اس مملکتِ خداداد کو اپنے تابع کیا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ جو لوگ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کو گالیاں دیتے ہیں اور دشمن بیانیے کو تقویت دیتے ہیں، وہی چاہتے ہیں کہ ایک مخصوص سیاسی کردار دوبارہ اقتدار میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے بھی انہی مذموم مقاصد کے حصول کی ایک کوشش تھےجن کا مقصد ریاستی اداروں کو کمزور کرنا تھا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، مگر اس وقت قومی وقار کے بجائے کمزوری کا مظاہرہ کیا گیا اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو راتوں رات ہاتھ جوڑ کر واپس کیا گیا۔

اس کے برعکس مئی 2025 میں جب بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان نے بھرپور جواب دے کر فتح کی نئی تاریخ رقم کی جس پر پوری دنیا حیران رہ گئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ اُس وقت پارلیمنٹ کو یہ بتایا گیا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا رسک نہیں لیا جا سکتا مگر حالیہ مثال نے ثابت کر دیا کہ جب قوم اور افواج ایک پیج پر ہوں تو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ دشمن آج بھی تاک میں ہے اس لیے قوم کو ہوشیار اور بیدار رہنے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن بیانیہ پھیلانے والے عناصر، چاہے وہ اندر ہوں یا باہر، پاکستان کے روشن مستقبل کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور قوم کو انہیں پہچان کر مسترد کرنا ہوگا۔

editor

Related Articles