وادی تیراہ میں خوارج کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑے، 4 خوارج ہلاک

وادی تیراہ میں خوارج کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑے، 4 خوارج ہلاک

وادی تیراہ میں کالعدم شدت پسند گروہوں کے درمیان آپسی تصادم کے نتیجے میں چار خوارج ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ آج 17 جنوری کو تیراہ کے علاقے کوئلہ مرکز میں پیش آیا، جہاں فتنہ الخوارج اور جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے عناصر کے دو گروہ آمنے سامنے آ گئے۔

ذرائع کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان جھڑپ مالِ غنیمت، منشیات اور بھنگ کی تقسیم کے تنازع پر ہوئی۔ تصادم کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں طعیب، سلمان عرف سدیس عرف اسعد، ساقی عرف شفیق اور دیوانہ شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں پہلے سے ہی جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے درمیان اثر و رسوخ اور علاقائی کنٹرول کے حوالے سے کشیدگی پائی جاتی تھی، جو وقتاً فوقتاً مسلح جھڑپوں کی صورت اختیار کرتی رہی ہے۔ تازہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ کالعدم گروہوں کے درمیان اختلافات صرف نظریاتی نہیں بلکہ مالی مفادات، منشیات کی اسمگلنگ اور علاقے کی تقسیم جیسے عوامل سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ماضی میں بھی ان گروہوں کے مختلف دھڑوں کے درمیان متعدد بار مسلح جھڑپیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیکورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 13خوارج ہلاک

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ان اندرونی لڑائیوں کے باعث عام شہریوں کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے اور خوف و ہراس کی فضا قائم رہتی ہے۔ تاہم عوام نے ریاستی اداروں کی جانب سے ایسے عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو جلد بہتر بنایا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *