پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تکامول کمپنی کے تحت اسکل ویریفکیشن پروگرام کے نفاذ کے لیے باضابطہ معاہدہ طے پا گیاہے، معاہدے کے تحت سعودی عرب جانے والے تمام ہنرمندوں کے لیے اپنی مہارت کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
سعودی عرب نے یہ پروگرام متعارف کرایا، جس کا مقصد ملک میں آنے والے غیر ملکی ورکروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی جانچ اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک سے آنے والے کارکن اپنی مہارت کی تصدیق تکامول کے ذریعے کروائیں گے۔
اب سعودی عرب میں کام کے خواہشمند افراد کو ورک ویزا حاصل کرنے سے قبل یسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ یہ ٹیسٹ اس بات کی تصدیق کرے گا کہ امیدوار متعلقہ پیشے کے لیے مقرر کردہ معیار اور مہارت پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف سعودی لیبر مارکیٹ میں معیار بہتر ہوگا بلکہ ہنرمند کارکنوں کے لیے بھی بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
پاکستان میں اس پروگرام کے نفاذ میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہ ادارہ اسکل ویریفکیشن کے عمل کو آسان بنانے اور متعلقہ سعودی اداروں کے ساتھ تعاون فراہم کرنے میں معاون ہوگا۔
امیدواروں کو اسکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے انٹرنیشنل پورٹل پر رجسٹریشن کرنی ہوگی، جہاں ذاتی اور پیشہ ورانہ معلومات درج کرنے کے بعد ٹیسٹ کے لیے تشخیصی مرکز، تجارتی شعبہ اور تاریخ منتخب کی جا سکتی ہے۔ امیدوار رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کر کے مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
تکامول اسکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ کی فیس 50 امریکی ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 14,100 روپے بنتی ہے۔ اگر امیدوار کامیابی سے امتحان پاس کر لیتا ہے تو 24 گھنٹوں کے اندر اس کا نتیجہ اور اسکل سرٹیفکیٹ آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے، جسے بعد ازاں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔