پنجاب میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات اور نتائج سے متعلق ابتدائی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے،پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے مجوزہ امتحانی شیڈول کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز کو تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے مطابق اس سال نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 3 مارچ کے بجائے 27 مارچ 2026 سے شروع ہوں گے۔
دسویں جماعت (پارٹ ٹو) کے امتحانات مکمل ہونے کے بعد اس کا نتیجہ 6 اگست 2026 کو جاری کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ نویں جماعت (پارٹ ون) کے نتائج 2 ستمبر 2026 کو متوقع ہیں۔
شیڈول کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحانات 6 اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے، جن کے نتائج بعد ازاں جاری کیے جائیں گے۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد کے لیے بھی علیحدہ انتظامات کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ادھر انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لیے بھی امتحانی شیڈول سامنے آ گیا ہے، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 20 مئی 2026 سے شروع ہوں گے۔
بارہویں جماعت کا نتیجہ 23 ستمبر 2026 جبکہ گیارہویں جماعت کا نتیجہ 22 اکتوبر 2026 کو جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
انٹرمیڈیٹ کے سپلیمنٹری امتحانات 3 نومبر 2026 سے شروع ہوں گے، جبکہ ان کے نتائج 12 جنوری 2027 کو متوقع ہیں۔ یہ مکمل امتحانی شیڈول پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر یکساں طور پر نافذ العمل ہوگا۔امتحانی شیڈول کے اعلان کے بعد طلبہ اور والدین نے تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جبکہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کو امتحانی مراکز، نگرانی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔