سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری اور نجی کالجوں اور جامعات میں طلبہ کی حاضری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس دستاویز پر مبینہ طور پر 17 جنوری 2026 کی تاریخ درج ہے، جس میں اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کم حاضری کی بنیاد پر نہ تو طلبہ کے داخلے یا امتحانات روکے جائیں اور نہ ہی حاضری سے متعلق کوئی جرمانہ یا سزا عائد کی جائے۔
نوٹیفکیشن میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی، جبکہ اس پر بابَر خان گوندل نامی ایک سیکشن آفیسر کے دستخط بھی موجود ہیں۔
اس نوٹیفکیشن کے سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) پاکستان نے اس حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
مزید جانیں: نجی اسکولز کے دورے، محکمہ اینٹی کرپشن کی وضاحت سامنے آ گئی

