شدید برفباری کے باعث کوٹلی اور پیر نسورہ کے علاقوں میں پھنسے شہریوں کی بروقت ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لیے پاک فوج نے فوری اور موثر اقدامات کیے جس کے نتیجے میں کوٹلی تا نکیال سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔
جندروٹ اور پیر نسورہ میں برفباری کے دوران متاثرہ علاقوں میں عوام کی مدد کے لیے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز انجام دیے گئے ان کارروائیوں کے دوران متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور انہیں خوراک، گرم کپڑے اور دیگر امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔
اس دوران پاک فوج کی ٹیموں نے برف میں پھنسے متعدد گاڑیوں کو پیٹرول فراہم کر کے شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد کی، جس سے علاقے میں معمولات زندگی کو جلد از جلد بحال کرنے میں مدد ملی۔ امدادی ٹیموں کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کی بدولت اہم زمینی رابطے بحال ہوئے اور شہریوں کو بروقت محفوظ راستہ میسر آیا۔
پاک فوج کی جانب سے فراہم کردہ خوراک اور دیگر امدادی اشیاء نے برفباری کے باعث پھنسے عوام کوسہولت فراہم کی۔ سخت موسمی حالات کے باوجود پاک فوج عوام کی خدمت اور علاقے میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔
پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی نہ صرف عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہوئی بلکہ برفباری کے باعث متاثرہ علاقوں میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔