راولپنڈی کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے کیونکہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران ’’راولپنڈی ٹائیگرز‘‘ کے نام سے ایک کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس ٹیم میں صرف راولپنڈی کے ڈومیسائل والے نوجوان کھلاڑی شامل ہوں گے اور انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ٹیم کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو مقامی سطح سے لے کر بین الاقوامی معیار کی کرکٹ تک لے جانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، ٹیم کے لیے غیر معمولی تیز اور باصلاحیت بولر کو خصوصی تربیت کے لیے بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے لاہور قلندرز کے تعاون سے 14 اور 15 فروری کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔
ٹرائلز میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑی میرٹ پر پرکھے جائیں گے اور کسی بھی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا اس عمل کے بعد منتخب ہونے والے 20 کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیت کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ وہ عالمی معیار کے کھلاڑی بن سکیں۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت اور کرکٹ بورڈ کی بھرپور کوشش ہوگی کہ آئندہ تین سال کے اندر راولپنڈی ٹائیگرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کیا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑی اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں اور ملکی کرکٹ میں اہم کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ شہر میں کرکٹ کے فروغ اور کھیلوں کے معیار کو بلند کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔