واٹس ایپ نے اپنے آئی او ایس ورژن میں نیا کارآمد فیچر متعارف کروا دیا ہے جو گروپ چیٹس کرنے والے صارفین کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس تازہ فیچر کا مقصد گروپس میں شامل ہونے والے نئے ممبران کو پرانی گفتگو سے باخبر رکھنا ہے تاکہ وہ بات چیت کے سیاق و سباق کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔
نئی سہولت کے تحت جب کوئی صارف کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوگا تو وہ گزشتہ 14 دنوں کے اہم پیغامات دیکھ سکے گا۔
اس سے پہلے عام طور پر ایسا ہوتا تھا کہ نئے آنے والے ممبرز پرانی گفتگو سے لاعلم رہتے تھے اور گروپ ایڈمن کو بار بار وضاحت یا اسکرین شاٹس بھیجنے پڑتے تھے۔ اب اس فیچر کے ذریعے یہ مسئلہ خودکار طور پر حل ہو جائے گا۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے ، ابتدائی معلومات کے مطابق نئے گروپ ممبران کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 100 پرانے پیغامات کی ہسٹری شیئر کی جا سکے گی ، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پیغامات عام چیٹس سے مختلف رنگ میں نظر آئیں گے، تاکہ نئے صارفین آسانی سے پہچان سکیں کہ یہ پیغامات ماضی کی گفتگو کا حصہ ہیں۔
جب بھی کسی نئے ممبر کے ساتھ چیٹ ہسٹری شیئر کی جائے گی تو گروپ کے دیگر شرکا کو فوری نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔ اس نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا جائے گا کہ ہسٹری کس رکن یا ایڈمن نے شیئر کی ہے، جس سے شفافیت برقرار رہے گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ نیا فیچر خاص طور پر بڑے اور فعال گروپس کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا، جہاں اکثر نئے شامل ہونے والے افراد کو پرانی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امکان ہے کہ کامیاب آزمائش کے بعد یہ فیچر جلد ہی تمام آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا، جس سے واٹس ایپ گروپ چیٹس مزید مؤثر اور منظم ہو جائیں گی۔