پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ چھ ماہ تک غیر فعال رہنے والی موبائل سمز بند کی جا سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کام کرنے والے ٹیلی کام آپریٹرز کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ 180 دن تک استعمال نہ ہونے والی سمز کو ڈی ایکٹیویٹ کر دیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کسی موبائل سم پر مسلسل چھ ماہ تک کال، ایس ایم ایس یا موبائل انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کیا گیا تو وہ سم غیر فعال تصور کی جائے گی اور اسے بند کیا جا سکتا ہے، اس عمل کے بعد متعلقہ موبائل نمبر دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری کر دیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ایک بار سم کسی نئے صارف کو الاٹ ہو جانے کے بعد پرانے صارف کا اس نمبر پر کسی بھی قسم کا قانونی حق یا دعویٰ باقی نہیں رہتا، اسی لیے صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی سمز کو باقاعدگی سے استعمال میں رکھیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان یا پریشانی سے بچا جا سکے۔
تاہم پی ٹی اے کے مطابق ایسے صارفین جو کسی وجہ سے طویل عرصے تک اپنی سم استعمال نہیں کر سکتے، وہ متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کو تحریری درخواست یا ای میل کے ذریعے آگاہ کر سکتے ہیں، اس درخواست کے ذریعے سم کی ملکیت ایک مخصوص مدت کے لیے برقرار رکھی جا سکتی ہے، جس سے سم کی بندش سے بچا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سمز کو اپنے نام پر رکھنے سے گریز کریں اور صرف فعال استعمال میں آنے والی سمز ہی برقرار رکھیں، اس اقدام کا مقصد موبائل نمبرز کے غیر ضروری استعمال، فراڈ کے امکانات اور سیکیورٹی خدشات کو کم کرنا ہے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ صارفین اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے موبائل سمز کا باقاعدہ استعمال جاری رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی قانونی یا تکنیکی مشکل سے محفوظ رہ سکیں۔