ماہ رمضان سے قبل آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ

ماہ رمضان سے قبل آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ

سندھ حکومت نے ماہِ رمضان سے قبل ہی شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا ہے اور آٹے کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد آٹے کی سرکاری ریٹیل قیمت 107 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے آٹے کی نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا،  نوٹیفکیشن کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ آٹے کی ایکس مل قیمت 104 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت 10 کلو آٹے کا تھیلا 1040 روپے میں ملوں سے فروخت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

یاد رہے کہ دسمبر 2025 میں کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم شہر میں آٹے کو سرکاری نرخ پر فروخت کرانے میں انتظامیہ مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے،  ریٹیل دکانوں پر کہیں بھی آٹا سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں، جبکہ مارکیٹ میں ایک کلو آٹا 125 روپے اور 10 کلو کا تھیلا 1250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح کراچی میں چکی کے آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں ایک بار پھر آٹے کا بحران پیدا ہو گیا تھا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات سے قبل ہی خبردار کر دیا تھا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جنید عزیز کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ ایک لاکھ بوری گندم کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم اس وقت شہر کو صرف پچاس ہزار بوری گندم فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر سندھ حکومت نے فوری طور پر گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل نہ کیا تو آٹے کی قیمتیں مزید بے قابو ہو سکتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *