خواتین کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا مفت بائیکس دینے کا اعلان

خواتین کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا مفت بائیکس دینے کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے خواتین کو سفری سہولت فراہم کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے ای وی بائیکس اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا صوبائی کابینہ نے اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ای وی بائیکس اسکیم سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کے تحت کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکیم کا پہلا مرحلہ بہت جلد شروع کیا جائے گا اور بائیکس کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ای وی بائیکس کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے الیکٹرک رکشوں کی اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ ان کے مطابق ماحول دوست گاڑیوں کا فروغ صوبے میں صاف اور سرسبز ماحول کے لیے اہم قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایئر پورٹ پر پھنس گئے ، اپنا سسٹم ہی جواب دے گیا

صوبائی وزیر اطلاعات سائنس و ٹیکنالوجی شفیع جان نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے ضلع چارسدہ میں عمر زئی کے نام سے نئی تحصیل قائم کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

اجلاس میں بورڈ آف ریونیو، لوکل گورنمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور فنانس محکموں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبے میں ڈویژن، سب ڈویژن، تحصیل اور سب تحصیل سمیت انتظامی اکائیوں میں مستقبل کی تبدیلیوں کے لیے معیار طے کرے گی۔

کابینہ نے 2027 سے ایم ڈی کیٹ امتحان ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے ذریعے کرانے کی بھی حتمی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں تکنیکی اور قانونی امور کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اجلاس میں عدالتی افسران کے لیے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن پالیسی کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ صوبائی اسمبلی کی مشترکہ قرارداد نمبر 240 وفاقی حکومت کو بھجوانے کی اجازت دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی، جس میں 50 کروڑ روپے چترال کے اضلاع کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

کابینہ نے وانا کے شہید مولانا مرزا جان کے معاوضے میں خصوصی کیس کے طور پر اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک کروڑ روپے تک کرنے کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ پشاور بی آر ٹی کے لیے مزید 54 بسوں کی خریداری کے مرحلے میں کسٹمز ڈیوٹی، ٹیکسز اور درآمدی اخراجات پورے کرنے کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی جبکہ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے باقی تعمیراتی کام کے لیے برج فنانسنگ کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ویکسین پروگرام کے تحت ہیکسا ویلنٹ ویکسین، پی سی وی-14، ڈی پی ٹی بوسٹر ڈوز اور ہیپاٹائٹس بی برتھ ڈوز سے متعلق اقدامات کی صوبائی منظوری بھی دی۔ اس تبدیلی سے متعدد ویکسین اجزا کو ایک ہی ویکسین میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگی اور حکومت کے مطابق اس سے مالی اخراجات میں کمی آئے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles