پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر آگئی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر آگئی

ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بری خبر آگئی ،  یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور کمی سے متعلق اپنی مکمل ورکنگ تیار کر لی ہے۔

اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں ردوبدل کے حوالے سے سمری کل پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد حتمی فیصلے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے ہر شہری پر کتنے لاکھ روپے قرض ہے؟ رپورٹ سامنے آگئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر مالی عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جو ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے پر براہِ راست اثر ڈال سکتا ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 6 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے خاص طور پر دیہی علاقوں اور کم آمدنی والے طبقے پر مزید بوجھ پڑ سکتا ہے۔ تاہم عوام کے لیے قدرے ریلیف کی بات یہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان بھی سامنے آیا ہے، اگرچہ یہ کمی مجموعی مہنگائی کے مقابلے میں معمولی سمجھی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن وزیراعظم سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں سے متعلق 31 جنوری کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا براہِ راست اثر روزمرہ اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ کرایوں اور مجموعی مہنگائی پر پڑتا ہے، جس کے باعث عوام کیلئے قیمتوں میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔

editor

Related Articles