پنجاب حکومت نے شبِ برات کے موقع پر بدھ 4 فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز، لوکل کونسلز اور تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے مذکورہ تاریخ کو بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ شہری بلا رکاوٹ شبِ برات کی مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
حکومت پنجاب نے محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں میں ممکنہ رش کے پیشِ نظر مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق تعطیل کے اعلان کے بعد شہریوں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے، کیونکہ اس فیصلے سے انہیں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ شبِ برات کی مذہبی روایات ادا کرنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ شہری شبِ برات کی رات نوافل، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور مرحومین کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ڈائریکٹر جنرل (پبلک ریلیشنز) لاہور کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس فیصلے کو قومی اور علاقائی سطح کے بڑے انگریزی اور اردو اخبارات میں شائع کروایا جائے اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیر کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام بروقت اس فیصلے سے آگاہ ہو سکیں۔