معروف پاکستانی دوا ساز ادارے میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ نے ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے ایک نئی اور جدید انجکٹیبل دوا ٹِرزا ٹرم متعارف کرا دی ہے، جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈراپ) کی باضابطہ منظوری کے بعد اب پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہو چکی ہے، اس پیش رفت کو ملکی سطح پر ذیابیطس کے علاج میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹِرزا ٹرم ایک جدید انجکٹیبل تھراپی ہے جو خاص طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس میلیٹس کے مریضوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، اس دوا کا بنیادی مقصد خون میں شوگر کی سطح کو مؤثر، محفوظ اور دیرپا انداز میں کنٹرول کرنا ہے تاکہ مریض بہتر معیارِ زندگی حاصل کر سکیں اور ذیابیطس سے جڑی پیچیدگیوں جیسے دل کے امراض، گردوں کے مسائل اور اعصابی کمزوری سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:یورپین پارلیمنٹ کا پاکستانی شہریوں کے لیے بڑا اعلان
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹِرزا ٹرم کی ایک نمایاں اور منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف بلڈ شوگر کنٹرول تک محدود نہیں بلکہ اس کے استعمال سے وزن میں کمی کے مثبت اثرات بھی سامنے آئے ہیں، چونکہ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کی بڑی تعداد زائد وزن یا موٹاپے کا شکار ہوتی ہے جو شوگر کو کنٹرول کرنا مزید مشکل بنا دیتا ہے، اس لیے اس دوا کو دوہرا فائدہ فراہم کرنے والی ایک جدید تھراپی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام کے مطابق ٹِرزا ٹرم جدید سائنسی تحقیق، کلینیکل ڈیٹا اور بین الاقوامی طبی معیار کے مطابق تیار کی گئی ہے، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس انجکٹیبل دوا کے استعمال سے مریضوں میں نہ صرف بلڈ شوگر لیول میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے بلکہ مجموعی میٹابولک صحت، انسولین کے مؤثر استعمال اور جسمانی توانائی میں بھی مثبت تبدیلیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔
کمپنی حکام نے مزید کہا کہ میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ ہمیشہ سے پاکستان میں معیاری، محفوظ اور جدید ادویات کی فراہمی کے لیے کوشاں رہی ہے، اور ٹِرزا ٹرم کی لانچنگ اسی عزم کا تسلسل ہے، ان کے مطابق یہ دوا نہ صرف مریضوں بلکہ معالجین کے لیے بھی علاج کے نئے اور مؤثر امکانات فراہم کرے گی۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ذیابیطس تیزی سے پھیلنے والا مرض بنتا جا رہا ہے، لاکھوں افراد ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہیں اور ایک بڑی تعداد تشخیص سے بھی محروم ہے، ایسے حالات میں جدید، مؤثر اور سائنسی بنیادوں پر تیار کی گئی ادویات کی دستیابی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صحت کے ماہرین کے مطابق ٹِرزا ٹرم جیسی جدید انجکٹیبل تھراپی کی آمد سے نہ صرف مریضوں کو علاج کے بہتر اور جدید آپشنز میسر آئیں گے بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر ذیابیطس سے جڑے طبی اخراجات اور پیچیدگیوں کے بوجھ کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے، ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مریض دوا کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے مکمل مشاورت ضرور کریں۔
طبی حلقوں کا ماننا ہے کہ میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ کی جانب سے ٹِرزا ٹرم کا تعارف پاکستان میں ذیابیطس کے علاج کے شعبے میں ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے، جو جدید علاج تک مقامی مریضوں کی رسائی کو ممکن بنا کر قومی سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔