برطانیہ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیغام جاری کیا، جس میں ملک میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔
ہائی کمیشن کے پیغام میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ہم ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے عزیزوں نے دہشت گردانہ حملوں میں اپنی جانیں گنوائیں۔ برطانیہ نے دہشت گردی کی ہر شکل کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان میں امن و سلامتی قائم رکھنے کے لیے وہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ برطانیہ پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سپورٹ کرتا ہے۔ برطانوی حکام نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردانہ حملے ملکی و علاقائی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
برطانیہ کی جانب سے یہ بیان نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون اور سیکورٹی امور میں شراکت داری کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور قطر کی جانب سے بھی بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے بین الاقوامی برادری نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔