انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر اِسانی واگھیلا کے بولنگ کرانے پر پابندی عائد کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آل راؤنڈر پر یہ پابندی غیر قانونی بولنگ ایکشن کے باعث لگائی گئی ہے ، آئی سی سی کی جانب سے یہ فیصلہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں میچ آفیشلز کی شکایت پر کیا گیا۔
آئی سی سی کے ایونٹ پینل نے پاپوا نیو گنی کے خلاف کھیلے گئے اگلے میچ میں اِسانی واگھیلا کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ ان کا ایکشن غیر قانونی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ردعمل سامنے آگیا ہے ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ رابطے کے منتظر ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہر ایونٹ میں مشروط شرکت سے اتفاق مشکل ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی لیکن بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ورلڈ کپ میں ٹیم کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا گیا ، ملاقات کے بعد حکومت نے باقاعدہ اعلان کیا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں شامل ہوگی، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔