سوات میں حال ہی میں منعقد ہونے والی آٹھویں رینکنگ تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے اختتام پر عائشہ ایاز نے 45 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، دو روزہ ایونٹ میں سوات کی قومی ٹیم نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنی برتری ثابت کی۔
یہ چیمپئن شپ ریجنل سپورٹس آفس، ملاکنڈ ڈویژن سوات کے زیر اہتمام، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کی ہدایت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔
ایونٹ میں ملک بھر کی ٹیموں نے حصہ لیا جس میں کمانڈو لوئر دیر، ایلیٹ اپر دیر، انٹرنیشنل تائیکوانڈو ٹیم، عائشہ ایاز تائیکوانڈو اکیڈمی اور آئی پی ایس تائیکوانڈو ٹیم بھی شامل تھیں۔
عائشہ ایاز نے اپنی فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینکنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل تربیت، نظم و ضبط، اور کوچز و خاندان کی مکمل معاونت نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں وہ اعلیٰ سطح کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے علاقے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
عائشہ ایاز پاکستان کی نوجوان تائیکوانڈو ایتھلیٹس میں شمار ہوتی ہیں اور اب تک مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں 11 تمغے جیت چکی ہیں، جن میں چار گولڈ، تین سلور اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
ان کی بین الاقوامی کامیابیوں میں دبئی (2020)، تھائی لینڈ (2022)، قطر (2023)، ملائیشیا (2025) اور انڈونیشیا (2025) میں منعقد ہونے والے ایونٹس شامل ہیں۔
وہ 150 سے زائد ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں، جن میں سرکاری ایوارڈز، نیشنل یوتھ ایوارڈز، پاکستان سٹار ایوارڈز اور ویمن پاور ایوارڈز شامل ہیں۔
چیمپئن شپ کے حتمی نتائج کے مطابق سوات کی قومی ٹیم نے 254 پوائنٹس کے ساتھ 14 طلائی، 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیت کر مجموعی طور پر پہلا مقام حاصل کیا۔سوات تائیکوانڈو ٹیم دوسری پوزیشن پر رہی، جبکہ دیر اپر ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ اس کے علاوہ ملتان اور دیر لوئر کی ٹیمیں چوتھے اور پانچویں نمبر پر آئیں۔
اختتامی تقریب میں ریجنل سپورٹس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن سوات طارق محمد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ منتظمین اور کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں ریجنل سپورٹس آفس کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔