دفتر خارجہ کی صومالیہ میں ٹینکر ریسکیو آپریشن کے دوران 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

دفتر خارجہ کی صومالیہ میں ٹینکر ریسکیو آپریشن کے دوران 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

 پاکستان صومالیہ کے قریب ہائی جیک کیے گئے ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے لیے پنٹ لینڈ آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جاں بحق پاکستانی شہریوں کی شناخت رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے ناموں سے کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ٹینکر کے عملے میں شامل 4 دیگر پاکستانی شہری زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا کے ساحل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان میڈیکل طلبہ کی بیدخلی کا معاملہ، دفتر خارجہ نے اہم وضاحت کردی

ترجمان کے مطابق جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم بھی متاثرہ پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان متاثرہ عملے کی سہولت اور ضروری معاونت کے لیے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

پنٹ لینڈ حکام کے مطابق ان کی فورسز نے پالاؤ کے پرچم بردار ٹینکر کو آزاد کرا لیا اور 16 بحری قزاقوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن شروع ہونے سے قبل عملے کے 5 ارکان جاں بحق ہوئے، جن میں 3 پاکستانی، ایک میانمار اور ایک بھارتی شہری شامل تھے۔

Related Articles