رمضان کی آمد کیساتھ ہی عوام کو خوشخبری سنادی گئی ، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کیمطابق پاور ڈویژن کو دی گئی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں ان اہم اوقات کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاکہ عوام عبادات اور روزمرہ امور سکون سے انجام دے سکیں۔
وزیر توانائی نے خاص طور پر ان علاقوں کا بھی ذکر کیا جہاں بجلی کے نقصانات زیادہ ہیں، ہدایت کے مطابق ایسے علاقوں میں بھی سحر اور افطار کے وقت لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا جائے کہ بجلی کی بندش سحر و افطار کے علاوہ دیگر اوقات میں ایڈجسٹ کی جائے، تاکہ روزہ داروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
دوسری جانب گیس کی فراہمی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں صبح 3 بجے سے رات 10 بج کر 30 منٹ تک گیس کی فراہمی جاری رکھی جائے گی، اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سحر اور افطار کی تیاری میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکومت کے ان فیصلوں کو عوامی حلقوں کی جانب سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ بجلی اور گیس کی بہتر فراہمی سے رمضان المبارک کے دوران گھریلو صارفین کو نمایاں ریلیف ملے گا اور عبادات کا ماحول مزید پُرسکون بن سکے گا۔