کراچی: رہائشی عمارت میں گیس لیکیج سے دھماکہ ، 16 افراد جاں بحق

کراچی: رہائشی عمارت میں گیس لیکیج سے دھماکہ ،  16 افراد جاں بحق

کراچی کے رہائشی علاقے سولجر بازار میں گیس لیکیج سے دھماکے کے باعث رہائشی عمارت کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بچی سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقےکوگھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 16 لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 4 بچے اور  6 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 12سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پرایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا  ہے، ڈی جی ریسکیو 1122کے مطابق گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اس سے قبل ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں ایک بچی، تین خواتین اور مرد شامل ہیں، تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم جاں بحق افراد میں دس سالہ نازیہ اور ساٹھ سالہ ریاض کی شناخت ہوگئی۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے سولجر بازار میں دھماکے کی وجوہات سے متعلق کمشنر کراچی کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث عمارت میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ملبے تلے دبے افراد کو فوری نکالنے کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *