وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو بیرون ملک یا بنی گالہ منتقل کرنے کے حوالے سے کسی بھی سطح پر کبھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ممکن ہے سہولتوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو اپروچ کیا گیا ہو، تاہم مارکیٹ میں اس پراڈکٹ کو رکھنے کے لیے ڈیل کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اس پراڈکٹ کے پلے کچھ نہیں رہا اور ڈیل کی باتیں کر کے یہ اپنی دکان کھلی رکھنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نوکری خطرے میں ہے اور انہوں نے اپنی نوکری بچانے کے لیے رہائی فورس کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائی فورس غیر آئینی اور غیر قانونی ہے کیونکہ وفاق کے سوا کسی کو بھی فورس بنانے کا استحقاق حاصل نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک بین الاقوامی اجتماع میں پاک فوج کی طاقت اور فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا، جبکہ وزیراعظم کا دورہ امریکا پاکستان کے حوالے سے بہت اچھا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں فلسطینیوں کو بسانے کے لیے کمٹمنٹس کی گئی ہیں اور ان شاء اللہ غزہ دوبارہ آباد ہوگا اور وہاں فلسطینی ہی آباد ہوں گے۔