پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کی ذمہ داری قبول کریں اور ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے بجائے خود احتسابی کریں۔
خیال رہے کہ کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ٹیم کی ناکامی کی بڑی وجہ ناتجربہ کاری ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ موجودہ اسکواڈ کے بیشتر کھلاڑی 100 سے زائد ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہین ، اتنا تجربہ رکھنے اور 100 سے زائد ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے باوجود ہم آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں ناکام ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ مسئلہ ہم کھلاڑیوں میں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ناکامی کا ذمہ دار کوچز یا نظام کو قرار دینا درست نہیں، اگر آپ 100 سے 150 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں تو آپ کو اپنی کارکردگی کی ذمہ داری خود لینی چاہیے اور مینجمنٹ پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ محمد عامر کے ساتھ ان کی سب سے بڑی خواہش ورلڈ کپ جیتنا تھی، کیونکہ وہ کئی برسوں سے دنیا بھر میں مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلتے آ رہے تھے، تاہم معاملات منصوبے کے مطابق نہ چل سکے۔
عماد نے موجودہ کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بھی یہی رویہ اپنائیں اور ناکامی کی صورت میں الزام تراشی کے بجائے ذمہ داری قبول کریں ، ہمیں حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ ہم بھارت کے خلاف اچھا نہیں کھیل سکے، ہماری بولنگ بھی خراب تھی اور بیٹنگ بھی، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ان غلطیوں کو درست کریں گے۔