انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمے میں ایک بار پھر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے،عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔
مقدمے کی سماعت عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، سماعت کے دوران ملزمہ اور ان کے وکیل کی عدم پیشی پر عدالت نے سخت ریمارکس دیے اور کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عدالت نے نہ صرف علیمہ خان بلکہ ان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ دانستہ طور پر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہونا عدالتی کارروائی میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے۔
کیس آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، استغاثہ کے مطابق دو گواہوں پر جرح باقی ہے اور کارروائی مکمل ہونے کے قریب ہے، تاہم ملزمہ کے عدم تعاون سے پیش رفت متاثر ہو رہی ہے۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت جاری کی کہ وارنٹ پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔