پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہپی ٹی آئی کی بدبودار ذہنیت سوشل میڈیا پر گندگی پھیلا رہی ہے پاکستان تحریک انصاف سے منسلک عناصر سوشل میڈیا پر منفی مہم چلا رہے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض افراد وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کردار کشی کی مہم میں ملوث ہیں،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قومی میڈیا کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرے جو سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل افسوسناک ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ یہ رجحان ماضی کی سیاست کا تسلسل ہے جس میں مخالفین کے خلاف ذاتی نوعیت کے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی قومی سطح پر مذمت ہونی چاہیے اور میڈیا کو اپنی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کی مہمات کے خلاف قانونی کارروائی کی بات کی جائے تو اسے اظہارِ رائے کی آزادی سے جوڑ دیا جاتا ہے، حالانکہ آزادی اظہار کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف کو ذاتی حملوں میں تبدیل کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور کردار کشی کی مہمات کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سیاسی ماحول میں شائستگی اور سنجیدگی کو فروغ دیا جا سکے۔