یو اے ای نے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی، اسحاق ڈار

یو اے ای نے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرا دی، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کے ذخائر کی مدت میں توسیع کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ رقم پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بطور امانت موجود ہے اور اسے واپس لینے کے بجائے مزید مدت کے لیے برقرار رکھا جائے گا۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دو ارب ڈالر کے ذخائر کو رول اوور کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے اور اس حوالے سے معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس بار جو توسیع ہوگی اس کی مدت پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہوگی، جس سے ملکی مالی استحکام کو سہارا ملے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار سے بنگلا دیشی مشیر خارجہ کی ملاقات،اہم اُمور پر تبادلہ خیال

دوسری جانب پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پالیسی اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری کو وسعت دے کر عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

موجودہ دور بین الاقوامی تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم اور ہنگامہ خیز مرحلہ ہے جہاں عالمی اداروں اور باہمی اقتصادی انحصار کے تصورات پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تیزی سے بدلتی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور نئی عالمی صف بندیوں نے عالمی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی نئی حقیقتوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام، علاقائی تعاون اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *