بلغاریہ کی نابینا نجومی بابا وانگا 1996 میں وفات پا گئیں، تاہم ان سے منسوب پیشگوئیاں آج بھی عالمی ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر موضوعِ بحث بنی رہتی ہیں۔
ان کے پیروکاروں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے قدرتی آفات، عالمی سیاسی تبدیلیوں اور حتیٰ کہ انسانیت کے انجام تک کے بارے میں حیران کن پیشگوئیاں کیں۔
اہم بات یہ ہے کہ بابا وانگا نے اپنی پیشگوئیاں خود تحریری شکل میں محفوظ نہیں کیں، ان سے منسوب اکثر بیانات بعد ازاں ان کے قریبی افراد یا ماننے والوں نے قلم بند کیے، جس کی وجہ سے ان دعوؤں کی تاریخی صداقت اور مستند حوالہ جات پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
2026ء: خلائی مخلوق اور قدرتی آفات
پیشگوئیوں کے مطابق 2026 میں انسانیت کا کسی بڑی خلائی مخلوق یا اجنبی جہاز سے سامنا ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ نومبر 2026 میں کسی خلائی جہاز کے زمین پر اترنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی برس شدید زلزلوں، موسمی شدت، قحط سالی اور آگ سے متعلق تباہ کن واقعات کی پیشگوئی بھی بیان کی جاتی ہے۔
2028ء: سیارہ زہرہ کی جانب پیش رفت
کہا جاتا ہے کہ 2028 تک انسان توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں سیارہ زہرہ کی جانب قدم بڑھائے گا، حالانکہ سائنسی ماہرین کے مطابق یہ سیارہ انسانی زندگی کے لیے نہایت ناموزوں ماحول رکھتا ہے۔
2033ء: قطبین کا پگھلنا
ایک اور دعویٰ یہ ہے کہ 2033 میں زمین کے منجمد قطبی علاقے تیزی سے پگھلنا شروع ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں سمندروں کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے۔
2076ء: کمیونزم کی واپسی
ان پیشگوئیوں میں یہ بھی شامل ہے کہ 2076 میں دنیا بھر میں کمیونزم دوبارہ پھیل جائے گا اور کئی ممالک اس نظام کو اختیار کریں گے۔
2130ء: خلائی مخلوق سے باضابطہ رابطہ
پیروکاروں کے مطابق 2130 میں انسانوں کا باضابطہ طور پر خلائی مخلوق سے رابطہ قائم ہو گا، جسے تاریخ کا ایک غیر معمولی موڑ قرار دیا جاتا ہے۔
2170ء: پانی کا عالمی بحران
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کے بڑے حصے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے کی پیشگوئی بھی منسوب کی جاتی ہے، جو انسانی بقا کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔
3005ء: مریخ کی جنگ
ایک حیران کن دعویٰ یہ بھی سامنے آتا ہے کہ 3005 میں زمین اور مریخ کے درمیان جنگ ہو گی، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
3797ء اور 5079ء: انسانیت کا انجام
کہا جاتا ہے کہ 3797 تک زمین زندگی کے قابل نہیں رہے گی اور انسانوں کو کسی اور مقام پر منتقل ہونا پڑے گا، جبکہ 5079 میں انسانیت کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

