صدر مملکت نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کو نشان امتیار سے نواز دیا

صدر مملکت نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کو نشان امتیار سے نواز دیا

پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کے بہترین دوست اور بین الاقوامی خدمات کے اعتراف میں نشانِ امتیاز سے نواز دیا۔

منگل کے روز ایوانِ صدر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر آصف علی زرداری نے معزز مہمان کو نشانِ امتیاز عطا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور غیر ملکی سفرا نے بھی شرکت کی۔

انتونیو گوتریس کو نشانِ امتیاز سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی نظریں اسلام آباد پر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اعلیٰ اعزاز پر حکومت پاکستان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور فراخدلی کے عینی شاہد ہیں اور یہ اعزاز اقوام متحدہ میں کام کرنے والی تمام خواتین و حضرات کی جانب سے قبول کرتے ہیں۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ دہشت گردی کا سامنا کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے عزم، یکجہتی اور استقامت کے معترف ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی دستے اس عظیم قوم کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔

یو این سیکریٹری جنرل نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کی شاعری کا بھی تذکرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایسی قوم ہے جو طاقت اور عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات بھی رکھتی ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ تباہ کن سیلاب اور موسمی بحران کی وجہ سے پاکستانی عوام کی تکالیف کو انہوں نے قریب سے محسوس کیا۔

Related Articles