وزیراعظم شہباز شریف کچھ ہی دیر میں قوم سے خطاب کریں گے، جس میں اہم اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب قومی ٹیلی ویژن پر نشر کیا جائے گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ایندھن بچت کے حوالے سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وزیراعظم پہلے ہی پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے 129 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وہ اپنے خطاب میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا تھا کہ حکومت نے مخصوص طبقے کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کیے جبکہ صوبوں کی مشاورت سے بجلی کی بچت کیلیے بازار رات 8 بجے بند کروانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرول کی قیمت میں 137.23 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 184.49 روپے بڑھاتے ہوئے نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کر دی ہے۔