ملازمین کے لیے سروس ریکارڈ، بائیو ڈیٹا اور لازمی سرٹیفکیٹس جمع کرانا لازمی قرار

ملازمین کے لیے سروس ریکارڈ، بائیو ڈیٹا اور لازمی سرٹیفکیٹس جمع کرانا لازمی قرار

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے ملازمین کی ترقی کے لیے سروس ریکارڈ، بائیو ڈیٹا اور لازمی ٹریننگ سرٹیفکیٹس جمع کرانے کی شرط عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیسکو نے ملازمین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے لائن سپرنٹنڈنٹس کی گریڈ 15 میں ترقی کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا ہے۔

پیسکو حکام کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس مرحلے میں نہ صرف ٹیکنیکل اسٹاف بلکہ گریڈ 2 کے لٹریٹ اور ان لٹریٹ ملازمین کی ترقی کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔

پیسکو انتظامیہ نے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا سروس ریکارڈ اور بائیو ڈیٹا مکمل کریں، جس کے لیے 15 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

ترقی کے خواہشمند ملازمین کے لیے گزشتہ 5 سالہ اے سی آرز، لازمی ٹریننگ سرٹیفکیٹ، ورک اینڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ اور تعلیمی ڈپلومہ کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ ڈویژن کی بڑی وضاحت: 3 لاکھ سے زائد تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی کٹوتی کا دائرہ کار طے

اس کے علاوہ ملازمین کو ‘نو انکوائری’، ‘نو پینلٹی’ اور ‘آڈٹ پیرا نہ ہونے’ کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں دستاویزات جمع نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

مزید برآں، پیسکو ڈائریکٹوریٹ نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیر اہل افسران اور ملازمین کی فہرستیں جلد از جلد فراہم کریں تاکہ شفاف طریقے سے ترقیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

Related Articles