متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے پاسپورٹ پراسیسنگ سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے ۔سفارت خانے کے مطابق یہ فیصلہ تکنیکی خرابیوں اور معمول کے مرمتی کاموں کے باعث کیا گیا ہے۔
یو اے ای میں پاکستا نی سفارتخانے کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاسپورٹ کے اجرا کی سروس بدھ کے روز سے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ شہری فی الحال آن لائن درخواست کا طریقہ اختیار کریں یا مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی نظام بحال ہوگا، فوری طور پر آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ شہری بروقت سہولت حاصل کر سکیں۔سفارت خانے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر دفاتر بند رہیں گے جبکہ معمول کی سرگرمیاں 4 مئی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
اس دوران پاسپورٹ خدمات کی معطلی نے خاص طور پر ان افراد کو متاثر کیا ہے جنہیں فوری سفری دستاویزات درکار ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی دنیا کی بڑی اوورسیز آبادیوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں تقریباً 18 لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ افراد نہ صرف اپنی محنت سے یو اے ای کی معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھیجنے کا بھی ہم ذریعہ ہیں