دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئے کلاؤڈ بیک اپ سسٹم پر کام کر رہی ہے جس کے تحت صارفین کے چیٹ بیک اپس مکمل طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔
اس وقت اینڈرائیڈ صارفین کا ڈیٹا گوگل ڈرائیو جبکہ آئی فون صارفین کا ڈیٹا آئی کلاؤڈ پر محفوظ ہوتا ہے تاہم نئے فیچر کے بعد واٹس ایپ اس انحصار کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد تھرڈ پارٹی کلاؤڈ سروسز پر انحصار کم کرنا اور صارفین کو اپنے ڈیٹا پر زیادہ کنٹرول دینا ہے۔
نئے فیچر میں صارفین کو روایتی پاس ورڈ کے بجائے ’’پاسکی‘‘ کے ذریعے بیک اپ محفوظ کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ یہ پاسکی صارف کے ڈیوائس میں محفوظ ہوگی اور فنگر پرنٹ، فیس آئی ڈی یا اسکرین لاک کے ذریعے استعمال کی جائے گی جس سے سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ بیک اپ گوگل ڈرائیو پر محفوظ ہوتا ہے جہاں محدود مفت اسٹوریج اکثر جلد بھر جاتی ہے اور صارفین کو اپنی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر فائلوں کے ساتھ یہی جگہ شیئر کرنا پڑتی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنی کلاؤڈ سروس میں تقریباً 2 جی بی تک مفت اسٹوریج فراہم کر سکتا ہے جبکہ اضافی اسٹوریج کے لیے 0.99 ڈالر میں 50 جی بی پلان متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اگر صارف واٹس ایپ کی اپنی کلاؤڈ سروس استعمال کرے گا تو اس کا تمام ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ محفوظ ہوگا جسے پاسکی، پاس ورڈ یا 64 ہندسوں کی انکرپشن کی کے ذریعے تحفظ دیا جائے گا۔
یہ فیچر ابھی ترقی کے آخری مراحل میں ہے اور ابتدائی طور پر بیٹا صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا جس کے بعد اسے مرحلہ وار تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔