حیدرآباد کنگز کے پیسرحنین شاہ نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی میچ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کنگز کو فائنل تک رسائی کیلئے عمدہ باؤلنگ کروانے والے حنین شاہ نے کہا کہ یقین تھا کہ اپنے پلان پر عمل کروں گا، اللّٰہ نے عزت دی ہے، میرا کمال نہیں تھا۔
حنین شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے پی ایس ایل کے چھ، سات ماہ بہت محنت کی ہے انجری سے واپس آیا مشکل وقت تھا، محنت کی، پی ایس ایل کو ٹارگٹ کیا ہوا تھا۔
نوجوان کھلاڑی نے مزید بتایا کہ نسیم شاہ نے میرے اس دور میں بہت مدد کی، ساتھ ہی پریشر اور چیلنج سے نمٹنے کا بتایا، اس کا نسیم شاہ کو کریڈٹ دوں گا۔
میچ کے حوالے سے حنین نے کہا کہ چھ رنز بچانے کے لئے زیادہ گفتگو نہیں کی، اللّٰہ پر یقین تھا چھ یارکرز کا ٹارگٹ تھا اسی کے مطابق فیلڈنگ سیٹ کی۔
حنین شاہ نے کہا کراؤڈ کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، ہمیشہ کراؤڈ سے حوصلہ ملتا ہے اور مجھے بھی حوصلہ ملا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوچ نے ہمیشہ بتایا کہ باولنگ جیسی بھی کریں مائنڈ کو کلیئر رکھیں یہی میں نے بھی کیا، فائنل میں خود کو مارک کرنا ہے کہ ہم نے بس اچھا کرنا ہے، ہمارے سارے کھلاڑی میچ ونر ہیں، ہم سب اچھا کر رہے ہیں اور آگے بھی اچھا کرنا ہے اور فائنل کے لیے سادہ چیزیں رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد اور حیدآباد کے میچ میں حنین شاہ نے آخری اوور میں بازی پلٹ دی،نوجوان پیسر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 رنز بھی نہ بنانے دیے، حیدرآباد کنگز مین نے اعصاب شکن مقابلے میں 2 رنز کی فتح سے فائنل میں رسائی حاصل کر لی، ابتدائی چاروں میچ ہارنے والی ٹیم اگلے 8 میں سے 7 مقابلے جیت کراب ٹرافی سے ایک جیت دور ہے، اتوار کو فائنل میں پشاور زلمی سے سامنا ہوگا۔