پی ایس ایل گیارہ کے فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی،قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے اہم مقابلے میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔
حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن مسلسل مشکلات سے دوچار رہی اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس کے باعث ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور زلمی کو ایک مختصر ٹارگٹ130 رنز کا دیا۔
کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے معاذ صداقت 11 اور حسان خان 12 رنز بنا سکے جبکہ گلین میکسویل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے،عرفان نیازی اور کوشال پریرا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے جبکہ حنین شاہ 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
میچ سے قبل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب نے سماں باندھ دیا جہاں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز کی پرفارمنس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے وقت کہا کہ لاہور ہمیشہ ان کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہے اور وہ اپنے منصوبے پر مکمل عمل کریں گے جبکہ حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنوس لبوشین کا کہنا تھا کہ پچ سازگار ہے اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔