افغان طالبان رجیم کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں، کورکمانڈرز کانفرنس
Home - اہم خبریں - افغان طالبان رجیم کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسی کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا رہی ہیں، کورکمانڈرز کانفرنس
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈر ز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کا پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت میں ہمیشہ اہم کردار ہوگا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورک کے مکمل خاتمے اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کی تباہی کے لیے جاری آپریشنز کی رفتار کو برقرار رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں “آپریشن غضب للحق” کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
فورم نے افغان طالبان کی غیر منطقی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ طالبان خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہے ہیں۔ فورم نے افغان طالبان کی دہشت گردی کو سپورٹ کرنے کی پالیسی کو افغان عوام کے مفادات کے خلاف قرار دیا اور اسے ایک گمراہ کن بیانیہ قرار دیا جس کا مقصد اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس میں افغان طالبان کے جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی کارروائیاں صرف دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف ہیں، اور ان میں کسی بھی شہری کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فورم نے واضح کیا کہ جیو پولیٹیکل پیش رفت علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے اور اس کے لیے پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے فروغ کی حمایت کی ہے۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں امن کا دارومدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خودمختاری کے احترام پر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے “معرکۂ حق” کے یادگار سال کی تکمیل پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ معرکہ قومی اتحاد اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معرکۂ حق کی یاد منانا بھارتی سیاست کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر لحاظ سے تیار ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں، اور پیشہ ورانہ مہارت کے تسلسل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔