امریکا ایران کشیدگی کے باعث  خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

امریکا ایران کشیدگی کے باعث  خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھی گئی ہے، برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت جولائی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر چلی گئی۔

تیل کی قیمتوں میں اضافہ

عالمی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارکیٹ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ کردیا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

آبنائے ہرمز میں کشیدگی

امریکا اور ایران کے درمیان تازہ کشیدگی آبنائے ہرمز کے اطراف بھی شدت اختیار کرگئی ہے ،عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کارروائی میں ایران کے 5 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا،امریکی حکام نے ان کارروائیوں کا جواز پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایران مسلسل دو روز سے امریکی بحری بیڑے کو میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کررہا تھا۔

امریکا کا سخت مؤقف

امریکی حکام کے مطابق ایران نے پیر کے روز امریکی بحری جہازوں پر حملے کی کوشش کی، تاہم ان کارروائیوں میں کسی امریکی جنگی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا،امریکی حکام نے ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف کارروائی کو واضح پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایران کا جوابی ردعمل

دوسری جانب امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے بھی میزائل حملے کیے گئے، اطلاعات کے مطابق اردن میں موجود امریکی اڈے الازرق ایئربیس کو تقریباً 20 میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی،اردن کے حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔

سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

مشرق وسطیٰ عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے انتہائی اہم خطہ ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے تیل کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے، اسی وجہ سے خطے میں کسی بھی بڑی فوجی کشیدگی سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

مارکیٹ میں اسی خدشے کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں توانائی کی عالمی قیمتوں پر اضافی دباؤ آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

editor

Related Articles