امریکا ایران مذاکرات کامیابی کے قریب؟ ٹرمپ نے خوشخبری سنا دی

امریکا ایران مذاکرات کامیابی کے قریب؟ ٹرمپ نے خوشخبری سنا دی

امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت مذاکرات ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ معاہدے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی جانب سے دی گئی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری سفارتی رابطے کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ “یہ بہت ممکن ہے کہ ہم ایک معاہدے تک پہنچ جائیں”، جبکہ ان کے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ڈونلڈ ٹرمپ کا آج سےآبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان

ٹرمپ نے کہا کہ حالیہ مذاکرات میں دونوں جانب سے مثبت رویہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے معاہدے کی راہ ہموار ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے ممکنہ معاہدے کی تفصیلات یا مذاکرات کے اگلے مرحلے کے حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی اور سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رہا ہے جبکہ عالمی برادری بھی دونوں ممالک کے درمیان کسی ممکنہ سمجھوتے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

  مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات، خلیجی خطے کی صورتحال اور ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکا اور ایران کے تعلقات کئی برسوں سے تناؤ کا شکار رہے ہیں۔

ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار ہوئے، تاہم پابندیوں، سکیورٹی خدشات اور خطے میں اثر و رسوخ کے معاملات کے باعث کئی بار پیشرفت تعطل کا شکار بھی ہوئی۔

  اگر حالیہ مذاکرات کسی معاہدے میں تبدیل ہوتے ہیں تو اس کے خطے کی مجموعی سکیورٹی، عالمی سیاست اور تیل کی عالمی منڈی پر بھی اہم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

editor

Related Articles