بجلی صارفین کے لیے حکومت نے ایک نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب صارفین اپنے ماہانہ بلوں پر دی جانے والی سبسڈی کی مکمل تفصیلات باآسانی جان سکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت بجلی بلوں پر خصوصی کوڈ شامل کیے جا رہے ہیں جنہیں اسکین کر کے صارفین اپنی سبسڈی کی رقم اور دیگر معلومات حاصل کر سکیں گے
بجلی بلوں میں شفافیت لانے کا فیصلہ
پاور ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد بجلی بلوں کے نظام کو زیادہ شفاف بنانا اور صارفین کو واضح معلومات فراہم کرنا ہے، اب جن صارفین کو حکومتی رعایت دی جا رہی ہوگی، ان کے بلوں میں سبسڈی کی رقم نمایاں طور پر درج کی جائے گی تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ حکومت کی جانب سے انہیں کتنا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام سے سبسڈی کے عمل میں بہتری آئے گی اور عوامی فنڈز کے استعمال کی نگرانی بھی زیادہ مؤثر انداز میں کی جا سکے گی۔
خصوصی کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن لازمی قرار
ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں اب صارفین کے بلوں پر خصوصی کوڈ شامل کر رہی ہیں، صارفین کو اپنے بل پر موجود اس کوڈ کو موبائل کے ذریعے اسکین کرنا ہوگا، جس کے بعد انہیں ایک آن لائن صفحے تک رسائی ملے گی جہاں اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ضروری ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ مرحلہ اس لیے متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی ممکن بنائی جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ حکومتی سبسڈی صرف کم آمدنی والے اور کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین تک محدود رہے۔
سبسڈی ختم نہیں کی جا رہی، وزارت توانائی
وزارت توانائی نے وضاحت کی ہے کہ نئے نظام کا مقصد بجلی سبسڈی کا خاتمہ نہیں بلکہ اس کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہےحکام کے مطابق یہ ایک تصدیقی اور نگرانی کا طریقہ کار ہے جس کے ذریعے غیر ضروری ادائیگیوں اور ممکنہ بے ضابطگیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوامی وسائل صرف ان افراد تک پہنچیں جو حقیقت میں اس رعایت کے مستحق ہیں، اسی لیے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
صارفین کو فوری رجسٹریشن کی ہدایت
پاور ڈویژن نے متعلقہ صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے بجلی بل پر موجود خصوصی کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ مستقبل میں سبسڈی کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی صارف کو رجسٹریشن، بل یا تکنیکی مسئلے کا سامنا ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کی ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتا ہے۔