معروف کرکٹر انتقال کرگئے

معروف کرکٹر انتقال کرگئے

بھارت کے سابق انڈر 19 کرکٹر اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے میڈیم فاسٹ بولر امن پریت سنگھ 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان کی موت کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔

امن پریت سنگھ ماضی میں بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے ساتھ انڈر 19 ٹیم کا حصہ رہے تھے۔ انہوں نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں Kings XI Punjab کے اسکواڈ کا بھی حصہ رہے۔ بعد ازاں انہوں نے پنجاب کی سینئر سلیکشن کمیٹی میں بطور رکن خدمات انجام دیں اور نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کرتے رہے۔

امن پریت سنگھ نے 2007 میں بھارت کے لیے پانچ یوتھ ون ڈے اور ایک یوتھ ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔ ان کی اچانک وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی کرکٹ حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی امن پریت سنگھ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ایران تک ریلوے ٹرین چلانے کا منصوبہ تیار،روٹ بھی سامنے آگیا

Related Articles