پاکستان ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں، عطاتارڑ

پاکستان ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں، عطاتارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ انتہائی مضحکہ خیز انداز میں رچایا اور اس واقعے کی بنیاد پر بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیانیہ بنانے کے لیے سچ سب سے اہم ہوتا ہے اور پاکستان نے اس بات کو ثابت کیا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں جبکہ بھارت دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔

عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ ثابت کرنے میں کامیابی حاصل کی کہ ہماری سوچ اور عمل میں مکمل ہم آہنگی تھی اور پاکستانی قوم، حکومت اور افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان نے دشمن کو یہ پیغام دیا کہ ہم متحد ہیں اور جب ہم متحد ہوں تو ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پروپیگنڈا اور من گھڑت خبریں پھیلائیں، لیکن پاکستان نے ان کا مقابلہ ذمہ دارانہ اور حقیقت پر مبنی بیانیہ سے کیا۔ معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا پر ڈرامہ نگاری اور سنسنی خیزی کا بازار گرم تھا، لیکن پاکستان نے دنیا کے سامنے حقیقت رکھی کیونکہ سچائی دشمن کے لیے ناقابلِ برداشت تھی۔ بھارتی حکومت نے خوف کے باعث پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندیاں لگائیں، تاہم پاکستان نے جوابی پابندیوں کے بجائے اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی کو تبدیل کیا۔ بھارتی چینلز پر جاری “کامیڈی اور تھیٹر” جنگی تناؤ میں ایک طرح کا ریلیف بن گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پہلگام فالس فلیگ ‘ وہ سچ جو مودی سرکار چھپانا چاہتی تھی، بھارتی فوجیوں کی عبرت ناک کہانی سامنے آگئی

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارتی مقامات کو جیو ٹیگ کرکے وہاں کے صارفین تک ملی نغمے، مسلح افواج کے ترانے اور جے ایف-17 تھنڈر کی ویڈیوز پہنچائیں، جس کے بعد بھارتی عوام اپنی حکومت سے سوالات کرنے لگے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے الگ حکمت عملی اپنائی گئی جس کے مثبت اور دور رس نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے وزیراعظم کے وژن اور عسکری قیادت، خصوصاً جنرل عاصم منیر کی دفاعی و سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سول و عسکری قیادت کی ہم آہنگی سے پاکستان دفاعی اور معاشی میدان میں مزید مضبوط ہوگا۔

Related Articles