پاکستان امن چاہتا ہے، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، عطاء تارڑ

پاکستان امن چاہتا ہے، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے ہمیشہ سے یہ موقف اپنایا ہے کہ امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق کی اس تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے اور معرکہ حق میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران قومی اسمبلی میں اپنی تقریر میں واضح کیا تھا کہ آج ہم سیاسی تقسیم سے مبرا ہیں اور اب دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دینے کا وقت ہے،  کامیابی قومی اتحاد و اتفاق سے ہی ملتی ہے جبکہ بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم کو منفرد اعزاز اور فتح سے نوازا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ رافیل طیارے گرنے کے ساتھ بھارت کا غرور بھی خاک میں مل گیا جبکہ پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،  آج دنیا بھر میں پاک فضائیہ کی تعریف کی جا رہی ہے اور دشمن کو ایسا موثر جواب دیا گیا کہ وہ چار گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات، بہادری اور موثر جنگی حکمت عملی کے باعث پاکستان فتح سے ہمکنار ہوا جبکہ دشمن فتح میزائلوں کے حملے برداشت نہ کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے ترجمان چند گھنٹوں بعد ٹی وی سکرینوں پر شکست خوردہ دکھائی دیئے اور ان کے چہروں سے واضح تھا کہ وہ شکست تسلیم کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی، پاک فضائیہ کسی بھی صورتحال میں ملک کا دفاع یقینی بنائے گی، ایئر چیف مارشل

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے سیز فائر کیلئے منت سماجت شروع کر دی جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطا کی اور آج دنیا پاکستان کو امن کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے فخر کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ کو نمایاں کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بروقت اور موثر جواب دیا جس کے اثرات سے بھارت اب تک باہر نہیں نکل سکا جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیانیہ کی جنگ تنہا نہیں لڑی جا سکتی تھی، اس کیلئے بہترین کوآرڈینیشن موجود رہی اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے لمحہ بہ لمحہ رابطہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا پر جا کر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے کردار کو قابل تحسین اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا کا بھارتی میڈیا سے کوئی موازنہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے لاہور اور ملتان کی بندرگاہوں کو تباہ کرنے کے بے بنیاد دعوے کئے جس کے باعث بھارتی میڈیا بری طرح بے نقاب ہوا جبکہ عالمی سطح پر پاکستانی میڈیا کو ذمہ دار اور بالغ نظر میڈیا کے طور پر سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان پر پوری قوم متحد ہے اور معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا،  نوجوان نسل نے میمز کے ذریعے جنگ کو نئی جہت دی جبکہ پوری قوم، جنریشن زی، سوشل میڈیا صارفین، صحافیوں، میڈیا ہاؤسز، وکلاء، انجینئرز اور ڈاکٹرز نے بیانیہ کے محاذ پر اپنا کردار ادا کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان 27 ویں رمضان کی شب معرض وجود میں آیا، یہ ملک اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے اور اللہ تعالیٰ کی قدرت کے سامنے دشمن کا تکبر اور غرور چند گھنٹوں میں خاک میں مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان جنگ میں کامیابی کے ساتھ امن کا داعی بھی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کی پیشکش کو مثبت اور سنجیدہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ابھی نندن کو گرفتار کرنے کے بعد جذبہ خیرسگالی کے تحت واپس کیا جس پر اسے بھارت میں ایوارڈ دیا گیا، کوئی غیرت مند انسان اس طرح کا ایوارڈ نہیں لیتا،  دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جبکہ بھارت اسے بیرونی مسئلہ قرار دیتا ہے، اسی طرح تنازعہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کی ٹیم، اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی یہ تقریب ایک مثبت روایت ہے جسے جاری رہنا چاہئے اور معرکہ حق میں فتح ہمارے لئے فخر، اتحاد و اتفاق کی علامت ہے۔

editor

Related Articles