راولپنڈی اسلام آبا د سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

راولپنڈی اسلام آبا د سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ۔ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں سمیت راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، ندی نالوں میں طغیانی ، پانی سڑکوں پر جمع  ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا اور متعلقہ اداروں نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

اسلام آباد کے ایف سیون فور، بلیو ایریا، جی سکس اور شکر پڑیاں سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ کئی مقامات پر تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی صورتحال بھی پیدا ہوئ تاہم نکاسی آب کے لیے متعلقہ ٹیمیں متحرک ہیں۔

راولپنڈی میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ کٹاریاں ، گوالمنڈی کے علاقوں میں نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ تک بلند ہو گئی ، واسا راولپنڈی نے بارش کے پیش نظر اپنی فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ نالہ لئی کے قریب علاقوں میں شہریوں کو انخلاء کی ہدایت کر دی گئی ، واسا کے انتظامی سربراہ عزیز اللہ خان خود نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں اور مختلف علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :طوفانی بارشوں سے اپر چترال متاثر، فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوانوں نے متاثرین کومحفوظ مقامات پر پہنچایا

واسا حکام کے مطابق شہر کے نکاسی آب کے مراکز، پانی نکالنے والی مشینیں اور بھاری مشینری فعال کردی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران اور متعلقہ عملہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہے۔ بارش کا پانی کسی مقام پر جمع ہونے کی اطلاع ملنے پر ٹیمیں فوری طور پر کارروائی کررہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی سطح اور صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جارہی ہے تاکہ بارش کے دوران کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کی مقدار بھی ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور میں ایک، گولڑہ میں 30، بوکرہ میں ایک، پاکستان محکمہ موسمیات کے دفتر میں 17، شمس آباد میں 20، کچہری میں 18، پیرودھائی میں ایک، گوالمنڈی میں 9 جبکہ نیو کٹاریاں میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

 یہ بھی پڑھیں :بادل برسنے کو تیار! پنجاب، کے پی اور کشمیر میں بارش کا امکان

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

عزیز اللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی جمع ہونے والے علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو نالوں، برساتی پانی اور کھلے مین ہولز کے قریب نہ جانے دیں۔

انہوں نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی کہ نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھنے کے لیے نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے اجتناب کیا جائے۔

editor

Related Articles