ٹرافی پاکستان کی ہوگی یا سری لنکا لے اڑے گا؟ قذافی اسٹیڈیم میں کل فیصلہ کن جنگ

ٹرافی پاکستان کی ہوگی یا سری لنکا لے اڑے گا؟ قذافی اسٹیڈیم میں کل فیصلہ کن جنگ

پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا فائنل کل 31 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ٹائٹل کے حصول کے لیے دونوں ٹیمیں دوپہر ایک بجے میدان میں اتریں گی۔ 

فائنل سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ہمراہ خصوصی فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔

پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف دو جبکہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔

ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ سلمان علی آغا 158 رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں بیٹر ہیں، جبکہ نوجوان بولر عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی 8 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیزفتح،صدر مملکت اور وزیراعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے تاہم بعض شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر بیٹرز کو زیادہ رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ نے ہمیشہ قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے اور امید ہے کہ فائنل کے موقع پر بھی بڑی تعداد میں شائقین قذافی اسٹیڈیم پہنچ کر کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ فائنل ہمارے لیے ایک بڑا اور انتہائی اہم میچ ہے، پوری ٹیم اچھی کارکردگی دکھانے اور ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرامید ہے۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے، تاہم سری لنکن ٹیم نے بھی فائنل کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور کھلاڑی فیصلہ کن مقابلے کے منتظر ہیں۔

کوشل مینڈس نے کہا کہ پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں سری لنکن ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی، جس پر سری لنکا میں شائقین کرکٹ خوش ہیں۔

انہوں نے پاکستانی شائقین کی جانب سے سری لنکن کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کو بھی سراہا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل ہونے والے فیصلہ کن مقابلے میں فاتح ٹیم سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

Related Articles