بحران سے استحکام اور ترقی کی جانب پاکستان کا سفر، موبائل فونز کی مقامی پیداوار 2 کروڑ سے تجاوز، نئی مینوفیکچرنگ پالیسی پر کام شروع
Home - آزاد کاروبار - بحران سے استحکام اور ترقی کی جانب پاکستان کا سفر، موبائل فونز کی مقامی پیداوار 2 کروڑ سے تجاوز، نئی مینوفیکچرنگ پالیسی پر کام شروع
وفاقی حکومت نے ملک میں موبائل فونز کی مقامی صنعت کو مزید فروغ دینے، درآمدی پرزوں پر انحصار کم کرنے اور مقامی سطح پر تیار ہونے والے پرزوں اور دیگر مصنوعات کی مالیت میں اضافے کے لیے نئی موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مقامی ویلیو ایڈیشن کو 50 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ صنعت و پیداوار نئی پالیسی کی تیاری میں مصروف ہے، جو موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی 2020 تا 2023 کی بنیاد پر مرتب کی جا رہی ہے۔ اس وقت ملک میں موبائل فونز کی تیاری میں مقامی ویلیو ایڈیشن کا تخمینہ 10 سے 20 فیصد کے درمیان ہے، جبکہ مجوزہ پالیسی میں مقامی پرزوں کی پیداوار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سپلائی چین کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستان میں قائم موبائل فون مینوفیکچرنگ پلانٹس نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 8 لاکھ موبائل فونز تیار کیے، جبکہ اسی عرصے میں تجارتی بنیادوں پر صرف 28 لاکھ 50 ہزار موبائل فونز درآمد کیے گئے۔
مقامی سطح پر تیار ہونے والے موبائل فونز میں تقریباً 80 لاکھ اسمارٹ فونز اور ایک کروڑ 20 لاکھ ٹو جی موبائل فونز شامل ہیں۔
دوسری جانب رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران موبائل فونز کے درآمدی بل میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں موبائل فونز کی درآمدات 16.6 فیصد کمی کے ساتھ 41 کروڑ 72 لاکھ 40 ہزار ڈالر رہیں۔
پاکستانی روپے میں درآمدات کی مالیت 18 فیصد کمی کے بعد 116 ارب ایک کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ مالیت 141 ارب 42 کروڑ روپے تھی۔
مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ کمپنیوں کی پیداوار کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں وی جی او ٹیل (VGO TEL) نے 25 لاکھ موبائل فونز تیار کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انفینکس (Infinix) 19 لاکھ 60 ہزار موبائل فونز کے ساتھ دوسرے اور آئی ٹیل (Itel) 15 لاکھ 90 ہزار موبائل فونز کی پیداوار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
حکومت نئی موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے ذریعے ملک میں موبائل فونز کی تیاری سے متعلق صنعتی نظام کو مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے۔ تاہم پالیسی کی کامیابی کا انحصار مقامی سپلائرز کی مسابقتی صلاحیت، پرزوں کی تیاری میں سرمایہ کاری اور درآمدی پرزوں کی بلاتعطل دستیابی پر ہوگا۔